درود شریف پڑھنے سے صدقہ کا ثواب

عن أبي سعيد الخدري رضي الله عنه عن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: أيما رجل مسلم لم تكن عنده صدقة فليقل في دعائه: اللهم صل على محمد عبدك ورسولك وصل على المؤمنين والمؤمنات والمسلمين والمسلمات فإنها زكاة وقال: لا يشبع مؤمن خيرا حتى يكون منتهاه الجنة (القول البديع ص۲۷٤)

حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جس مسلمان کے پاس صدقہ  کرنے کے لیے کچھ نہ ہو، وہ اپنی دعا میں یہ درود پڑھے،

اللهم صل على محمد عبدك ورسولك وصل على المؤمنين والمؤمنات والمسلمين والمسلمات

ترجمہ: اے اللہ ! اپنے بندے اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیج اور تمام مؤمن مرد و عورت اور تمام مسلمان مرد اور مسلمان عورتوں پر رحمت بھیج۔

تو یہ درود زکوٰۃ(صدقہ) ہوگا (اس سے صدقہ کا ثواب ملے گا)۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مزید ارشاد فرمایا کہ مؤمن کا پیٹ کسی بھلائی سے کبھی نہیں بھرتا، یہاں تک کہ وہ جنت پہونچ جائے۔

درود زندہ اور مردہ دونوں کے لئے رحمت کا باعث ہے

روض الفائق میں اسی نوع کا ایک دوسرا قصّہ لکھا ہے کہ ایک عورت تھی اس کا لڑکا بہت ہی گنہگار تھا، اس کی ماں اس کو بار بار نصیحت کرتی؛ مگر وہ بالکل نہیں مانتا تھا، اسی حال میں وہ مر گیا۔ اس کی ماں کو بہت ہی رنج تھا کہ وہ بغیر توبہ کے مرا۔ اس کو بڑی تمنّا تھی کہ کسی طرح اس کو خواب میں دیکھے، اس کو خواب میں دیکھا تو وہ عذاب میں مبتلا تھا۔ اس کی وجہ سے اس کی ماں  کو اور بھی زیادہ صدمہ ہوا۔

 ایک زمانہ کے بعد اس نے دوبارہ خواب میں دیکھا تو بہت اچھی حالت میں تھا، نہایت خوش و خرم۔ ماں نے پوچھا کہ یہ کیا ہو گیا۔ اس نے کہا کہ ایک بہت بڑا گنہگار شخص اس قبرستان پر کو گذرا۔ قبروں کو دیکھ کر اس کو کچھ عبرت ہوئی، وہ اپنی حالت پر رونے لگا اور سچے دل سے توبہ کی اور کچھ قرآن شریف اور بیس مرتبہ درود شریف پڑھ کر اس قبرستان والوں کو بخشا، جس میں میں تھا اس میں سے جو حصّہ مجھے ملا اس کا یہ اثر ہے جو تم دیکھ رہی ہو۔ میری اماّں، حضور صلی اللہ علیہ وسلم پر درود دلوں کا نور ہے، گناہوں کا کفّارہ ہے اور زندہ اور مردہ دونوں کے لیے رحمت ہے۔ (فضائل درود، ص۱۷۱)

يَا رَبِّ صَلِّ وَ سَلِّم  دَائِمًا أَبَدًا عَلَى حَبِيبِكَ خَيرِ الْخَلْقِ كُلِّهِمِ

Source: http://whatisislam.co.za/index.php/durood/item/633-the-reward-of-sadaqah-through-reciting-durood  , http://ihyaauddeen.co.za/?p=5973